بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ 1984ء کی فلم ’شرابی‘ میں نشے میں دھت شخص کا کردار ادا کرنے کے لیے میں نے حقیقت میں شراب نہیں پی تھی بلکہ یہ سب خالص اداکاری تھی۔
یہ دلچسپ گفتگو ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی ایک قسط کے دوران ہوئی، جہاں امیتابھ بچن کی ویڈیو کال پر پروگرام کی امیدوار ماہیما منورم یادو کے منگیتر بیمَل سے بات ہوئی۔
بیمَل نے بتایا کہ فلم ’شرابی‘ کم از کم 50 مرتبہ دیکھ چکا ہوں، انہوں نےامیتابھ بچن سے سوال کیا کہ فلم میں نشے کی اداکاری فطری تھی یا محض اداکاری کا کمال؟
84 سالہ امیتابھ بچن نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ شراب پی کر اداکاری نہیں کی تھی، فلم میں جو کچھ دکھائی دیا وہ صرف اداکاری تھی۔
بیمَل نے امیتابھ بچن کی اداکاری کی تعریف کی تو اداکار نے اس کا سہرا فلم کی کہانی کو دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے فلم کی کہانی، خصوصاً باپ اور بیٹے کے رشتے نے بہت متاثر کیا تھا، اس کے علاوہ اداکار اوم پرکاش کے ساتھ دوستی اور فلم میں دونوں کے کردار بھی مجھے بہت پسند آئے۔





