کیا نیم گرم پانی میں شہد ملا کر پینے سے واقعی وزن کم ہوتا ہے؟

کیا نیم گرم پانی میں شہد ملا کر پینے سے واقعی وزن کم ہوتا ہے؟

— فائل فوٹو 

شہد کو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس میں قدرتی طور پر پائے جانے والے مرکبات ٹریس انزائمز اور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ نہار منہ نیم گرم یا سادہ پانی میں شہد ملا کر بھی پیتے ہیں اور عام خیال یہ ہے کہ اس عمل سے وزن میں کمی لانا ممکن ہوسکتا ہے۔

عام خیالات کے مقابلے میں سائنس صحت سے متعلق زیادہ متوازن نقطہ نظر پیش کرتی ہے اور موجودہ سائنسی تحقیقات کے نتائج کے مطابق صرف شہد کو نیم گرم پانی میں ملا کر پینے کو وزن یا چربی میں کمی کے لیے حل کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے کیونکہ شہد قدرتی طور پر میٹھا ہوتا ہے اور دیگر میٹھی اشیاء کی طرح اس میں بھی کیلوریز ہوتی ہیں۔

اس لیے شہد کا استعمال بھی متوازن مقدار میں کرنا چاہیے لہٰذا، نیم گرم پانی میں ایک چمچ شہد کا استعمال زیادہ بہتر ہے کیونکہ ایک چمچ شہد میں کم کیلوریز ہوتی ہیں۔

سائنسی تحقیقات کے مطابق صبح نہار منہ نیم گرم پانی میں شہد ملا کر پینا ایک اچھی عادت ضرور ہے لیکن کوئی بھی ایک مشروب انسان کے وزن میں کمی نہیں لا سکتا۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کا انتخاب کرنا لازمی ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Scroll to Top