پاکستان نے بھارت میں تاریخی مسجد شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں بھارتی انتظامیہ نے 70 سال پرانی مسجد کو شہید کردیا۔ انتظامیہ نے اہل علاقہ کو مسجد سیل کرنے کا کہنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں 5 ستمبر کو مسجد کی مسماری کی کارروائی کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی شہر سہارنپور میں تاریخی مسجد گرانا قابل مذمت اقدام ہے۔ بابری مسجد کی 1992 میں مسماری مذہبی عدم برداشت، تعصب اور نفرت کی علامت ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے مسلمانوں کے منظم استحصال کا عالمی برادری فوری نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی بےحرمتی اور مسماری کا سلسلہ بند کیا جائے۔





