بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور کامیڈین راجپال یادیو بدھ کو بھارتی سپریم کورٹ میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، عدالت نے چیک باؤنس کیس میں واجب الادا رقم جمع نہ کرانے پر انہیں سخت وارننگ دی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نے عدالت کو بتایا کہ وہ 2 کروڑ روپے ادا کریں گے اور انہوں نے 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بھی پیش کیا۔ ان کی جائیداد کے ایک خریدار جسے باقی 85 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں، وہ بھی عدالت میں موجود ہے۔
اس موقع پر چیف جسٹس سوریا کانت نے راجپال یادیو کو ہدایت کی کہ وہ 13 اکتوبر تک شکایت کنندہ کو واجب الادا رقم کی مد میں 2 کروڑ روپے جمع کرائیں۔
عدالت نے کہا کہ رقم جمع کرانے کے بعد وہ دہلی ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف یادیو کی درخواست پر غور کرے گی، جس میں انہیں ایک نجی فریق سے لیے گئے قرض کی ادائیگی میں ناکامی پر قصوروار قرار دیتے ہوئے تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
راجپال یادیو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ رقم جمع کرانے کے لیے عدالت کی رجسٹری گئے تھے، تاہم وہاں آر ٹی جی ایس کے ذریعے ادائیگی کی اجازت نہیں تھی۔ اس لیے وہ 1 کروڑ 15 لاکھ روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ لے کر آئے۔ جبکہ باقی 85 لاکھ روپے دینے کے لیے یادیو کی جائیداد کا خریدار عدالت میں موجود ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ مہلت میں توسیع صرف شکایت کنندہ کو رقم کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے دی جا رہی ہے اور یادیو کے طرز عمل پر انہیں خبردار بھی کیا۔عدالت نے کہا قانون کو اس طرح استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ مقدمہ تقریباً 5 کروڑ روپے کے اس قرض سے متعلق ہے جو مبینہ طور پر راجپال یادیو نے 2010 میں اپنی فلم اتا پاتا لاپتہ کے لیے قرض لیا تھا۔ بعد ازاں قرض کی واپسی کے لیے جاری کیے گئے 1.05 کروڑ روپے مالیت کے سات چیکس باؤنس ہوگئے، جس کے نتیجے میں چیک باؤنس کی کارروائی شروع ہوئی۔ سود اور دیگر اخراجات کے باعث وقت کے ساتھ واجب الادا رقم میں اضافہ ہوتا گیا۔
حکم سنانے کے بعد عدالت اور راجپال یادیو کے درمیان غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی، جس کے دوران اداکار نے فلم اتا پتہ لاپتہ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کیا اور بتایا کہ فلم پر 200 سے 250 کروڑ روپے کا نقصان ہوا اور پروڈیوسرز کو بھی نقصان اٹھانا پڑا۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے ازراہ مذاق کہا آپ کی فلم کی طرح آپ کے پیسے بھی اتا پتہ لاپتہ یعنی غائب ہیں۔
راجپال یادو نے عدالت کو بتایا کہ فلم سے ہونے والے نقصانات کے باوجود ان سے 5 کروڑ روپے کی ذمہ داری کی ادائیگی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 5 اکتوبر کو عدالت نے 2 کروڑ روپے جمع کرانے کی سابقہ ہدایت پر عمل نہ کرنے پر راجپال یادیو کی سخت سرزنش کی تھی۔




