محسن نقوی کی زیرِ صدارت دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ راجیو شکلا نے محسن نقوی سے ٹرافی مانگ لی۔
محسن نقوی نے انہیں جواب دیا کہ یہ آئٹم اے سی سی میٹنگ کے ایجنڈے پر موجود نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر راجیو شکلا نے ٹرافی لینے کے لیے محسن نقوی سے مسلسل اصرار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کو ٹرافی چاہیے تو کپتان اے سی سی کے دفتر آکر مجھ سے وصول کر لے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کو ٹرافی دینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو پایا ہے۔
واضح رہے کہ 28 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا فائنل جیتنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اختتامی تقریب میں سربراہ اے سی سی محسن نقوی کے ہاتھوں سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا تھا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس رویے کی وجہ سے اختتامی تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، جس کے بعد منتظمین نے میدان میں رکھی ٹرافی کو واپس کمرے میں پہنچادیا، بھارتی ٹیم ٹرافی کے انتظار میں منہ تکتی رہ گئی۔
بھارتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ٹرافی کے ساتھ اپنی فیک تصاویر پوسٹ کیں، سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو اور سید کرمانی کہہ چکے ہیں کہ کھیل میں سیاست کو نہیں آنا چاہیے۔