قصور، مریدکے، عارف والا:قصور، مریدکے اور عارف والا میں سی سی ڈی کے ڈاکوں سے مبینہ مقابلوں میں 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ تھانہ صدر پتوکی کی حدود کیرانی والا کے قریب کرائم کنٹرول یونٹ اور ڈاکوں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں دو ڈاکو علی شیر اور مشتاق ہلاک ہو گئے، ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔دونوں ڈاکو ڈکیتی، راہزنی قتل اور اقدام قتل جیسی وارداتوں میں مطلوب تھے، دوران ڈکیتی چھینا گیا مال مسروقہ سونا اور نقدی بھی برآمد ہوئی
، سی سی ڈی کے زخمی اہلکار ساجد کو بازو پر گولی لگی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مریدکے کی پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ چک 34 روڈ پر سی سی ڈی اور ڈاکوں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے، مارا گیا ڈاکو رفاقت ڈکیتی اور قتل کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔عارف والا کے سی سی ڈی حکام نے بتایا کہ 95 ای بی میں سی سی ڈی اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔ مارے گئے ڈاکو سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، ڈاکو 20 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔