پاکستان کے اعلیٰ سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری امریکا اور یورپ کے دورے کے بعد آج رات واپس وطن پہنچیں گے، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جناح ٹرمینل ون ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری امریکا، یورپ کے دورے کے بعد آج رات وطن پہنچیں گے، کراچی پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے، ایئرپورٹ اولڈ ٹرمینل پر پیپلز پارٹی رہنماء اور کارکنان بلاول کا استقبال کریں گے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جناح ٹرمینل ون ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، ماڈل کالونی قبرستان سے آنے والی ٹریفک کو مادام آؤٹ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جناح آؤٹ والی ٹریفک کو مین شارع فیصل کی طرف بھیج رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو زرداری نے امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کا اہم دورہ کیا، 11 دنوں میں 3 ممالک، 4 بڑے شہر اور 68 اہم سفارتی ملاقاتیں کیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا مؤقف امن، مسئلہ کشمیر، اور انڈس واٹر ٹریٹی پر مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔