وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت تحریک انصاف سے اتوار سے مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے۔گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم جو بھی بات کریں گے وہ نواز شریف کی اجازت سے مشروط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی سے جوبات کرے گی وہ اسٹیبلشمنٹ کو آن بورڈ رکھ کر کرے گی۔وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ساتھ ہماری میٹنگ ہوئی ہے، مذاکرات کا آغاز اتوار تک ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی جلدی ہے تو یہ اپنا شوق پورا کرلیں، اتوار تک تو ان کے مطالبات کے حوالے سے کچھ نہیں ہوسکتا ہے۔رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر ایوان میں کہا تھا کہ وہ ہر معاملے پر بات کرنے کیلیے تیار ہیں، ان لوگوں نے خود کو اور ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک سے ان کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی تحریک ناکام ہوگی، اوورسیز پاکستانیز حکومت کو نہیں اپنے پیاروں کو پیسے بھیجتے ہیں۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سیاسی معاملات کو ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حل کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی معاملات کو سمجھنے سے عاری ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی پیشکش نہیں کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی سے اتوار سے مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے ، رانا ثناء

