یورپی یونین میں جلد ہی ایک نئے ڈیفنس کمشنر کا عہدہ تشکیل دیا جائے گا۔ یہ بات یورپی ذرائع ابلاغ کے ذریعے سامنے آئی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق یوروپی یونین کے دفاعی کردار پر ارسلا واندر لین بہت مثبت ہیں کیونکہ یورپی یونین کے ممالک عام طور پر اپنی دفاعی پالیسی پر مکمل کنٹرول چاہتے ہیں۔
خاص طور پر یوکرین میں جنگ چھڑنے اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی واپسی کی خبروں کے ساتھ یورپی یونین دفاعی پالیسی کے صنعتی پہلوؤں کی نگرانی کے لیے ایک نئے دفاعی کمشنر کا کردار تخلیق کرنے پر غور کر رہی ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ فیصلہ نئے یورپی کمیشن کے صدر کے انتخاب کے بعد سامنے آئے گا جب کمیشن کے نئے صدر کو اپنے کالج آف کمشنرز کی ساخت اور کردار کا فیصلہ کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ موجودہ کمیشن چیف واندرلین کا تعلق یورپی پیپلز پارٹی سے ہے جس نے سب سے پہلے اپنی الیکشن مہم کے منشور کے مسودے میں یورپی یونین کے دفاعی کمشنر کو شامل کیا ہے۔
توقع ہے کہ وہ پیر کو جرمنی میں اپنی سی ڈی یو پارٹی کے ساتھ سیاسی میٹنگ کے دوران دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑنے کے اپنے ارادے کا اظہار کریں گی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اگر سب کچھ ٹھیک رہتا ہے اور وہ اعلیٰ ترین منصب کیلئے ممبر ممالک کی منظوری حاصل کر لیتی ہیں تو وہ فیصلہ کریں گی کہ آنے والے کمیشن کےلیے محکموں کو کیسے تقسیم کیا جائے جس میں ممکنہ دفاعی کردار کا عہدہ بھی شامل ہوگا۔
اس حوالے سے یورپی یونین کے ایک سینئر سفارت کار نے کہا کہ دفاع سے منسلک کافی مالی پیکیج ہوسکتا ہے۔ لہٰذا آپ کو کسی کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہوگی۔


