غنیٰ علی کا شادی کے بعد سسرالیوں کے منفی رویے سے متعلق انکشاف

غنیٰ علی کا شادی کے بعد سسرالیوں کے منفی رویے سے متعلق انکشاف
—فائل فوٹوز

پاکستانی معروف اداکارہ غنیٰ علی نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کے بعد اُنہیں اپنے سسرال والوں کی جانب سے منفی رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

غنیٰ علی پاکستانی ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر کی اداکارہ ہیں۔

غنیٰ علی کو جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’سنگدل‘ سے پہچان ملی جس کے بعد انہوں نے یکے بعد دیگرے مشہور ڈراموں میں بہترین اداکاری کے ساتھ شائقین کے دل جیت لیے۔

غنیٰ علی کو اکثر اوقات سماجی مسائل پر کُھل کر بات کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

حال ہی میں غنیٰ علی نے اداکار و میزبان مومن ثاقب کے نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے نائٹ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے سسرال میں پیش آنے والے مشکل دنوں سے متعلق بات کی۔ 

یاد رہے کہ غنیٰ علی کی شادی عمیر نامی ایک کاروباری شخصیت سے ہوئی ہے جو پہلے سے شادی شدہ اور ایک بیٹے کے والد تھے۔

غنیٰ علی کو عمیر سے شادی کے بعد کافی منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غنیٰ علی پر ایک بسا ہوا گھر اجاڑ کر اپنا گھر بسانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

اب غنیٰ علی کا اپنے سسرال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میرے سسرال والوں کا میرے ساتھ سلوک بہت روایتی اور منفی تھا، سسرال والے جیسا برتاؤ کرنے کے لیے مشہور ہیں ہوبہو میرے سسرالی بھی میرے ساتھ ایسا ہی سلوک کرتے تھے تاہم میں نے اور میرے شوہر نے خاموشی اختیار کی اور صحیح وقت کا انتظار کیا، ہم نے ایک دوسرے پر اعتماد اور صبر کیا اور پرسکون رہے اور اب ہمیں واقعی اپنے صبر کا پھل مل گیا ہے۔

اداکارہ کا سسرالیوں کے رویوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ظاہر ہے مجھے سسرالیوں کے منفی رویوں سے تکلیف ہوئی تھی، میری بیٹی جب اس سے متعلق جانے گی مجھے اپنی بیٹی کو جواب دینا ہوگا، مجھے اس کے لیے بھی تیاری کرنی ہے۔

اداکارہ غنیٰ علی کا کہنا تھا کہ حقیقت کوئی نہیں جانتا، درد میں مبتلا لوگ ہی حقیقت جانتے ہیں کہ اُن پر کیا گزر رہی ہے، لوگ صرف باتیں کرتے ہیں، یہاں تک کہ ایک خاتون نے کہا کہ میرے شوہر کی سابقہ اہلیہ نے خودکشی کر لی۔

انہوں نے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ایک بار جب آپ شادی کر لیں تو آپ کو ہمیشہ اس رشتے میں رہنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے، ہمیں بھی وہی کرنا چاہیے جیسا کہ ہمارے والدین نے رشتوں میں کیا، ہمیں کبھی بھی طلاق کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے، ایک بار جب آپ شادی شدہ زندگی میں داخل ہو جائیں تو آپ کو اس میں رہنا چاہیے اور اسے کامیاب بنانے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔

Scroll to Top