اسد الدین اویسی نے اروند کیجریوال کو آر ایس ایس کا چھوٹا ری چارج قرار دیدیا

اسد الدین اویسی نے اروند کیجریوال کو آر ایس ایس کا چھوٹا ری چارج قرار دیدیا

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اویس الدین اویسی نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو آر ایس ایس کا چھوٹا ری چارج قرار دے دیا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس کے چھوٹے ری چارج نے دہلی میں سندرکنڈ پاتھ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ 22 جنوری کو مندر کے افتتاح کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ان لوگوں نے بلقیس بانو کے معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کرلی تھی اور کہا تھا کہ وہ صرف صحت و تعلیم کے مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ 

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سندرکنڈ کا سبق تعلیم ہے یا صحت؟ لیکن سچ یہ ہے وہ انصاف سے ہی ڈرتے ہیں۔ 

اسد الدین اویسی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آر ایس ایس کے ایجنڈے کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں بابری مسجد پر بات بھی نہ کرنے دیں اور خود انصاف، پیار وغیرہ وغیرہ کی بانسری بجاتے ہیں اور ساتھ ساتھ ہندوتوا کو بھی سپورٹ کریں، بہت ہی اعلیٰ ہے یہ سب۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہندوتوا کی مسابقتی سیاست اپنائی جارہی ہے، بتائیے تو پھر آر ایس ایس، بی جے پی اور عام آدمی پارٹی میں کیا فرق رہ گیا ہے؟ 

Scroll to Top