دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہیملٹن میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ہیملٹن میں پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگ کا آغاز کیا اور شروع سے تیز بیٹنگ کی۔
دونوں اوپنرز نے پارنرشپ قائم کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور 5.1 اوور میں 59 تک پہنچایا جس کے بعد ڈیون کونوے کو 20 رنز پر عامر جمال نے کیچ آؤٹ کرا دیا۔
بعد ازاں کین ولیمسن اور فن ایلن نے بھی تیز رن ریٹ کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی اور 10 اوورز میں ٹیم کا اسکور 111 تک پہنچا دیا، اس دوران فن ایلن نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
آدھی اننگز مکمل ہونے پر کپتان کین ولیمسن 26 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جس کے بعد ڈیرل مچل بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے بھی تیزی کے ساتھ رن بنائے تاہم اس دوران پاکستان دوسری وکٹ لینے میں کامیاب ہوگیا۔
نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 12.5 اوورز میں 137 رنز پر گری جب اسامہ میر نے فن ایلن کو 74 رنز پر بولڈ کردیا۔
اگلے اوور میں نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 147 رنز پر گری گئی جب ڈیرل مچل کو عباس آفریدی نے 17 رنز پر بولڈ کیا۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 16.1 اوورز میں 157 رنز پر گری جب مارک چیپمین کو عباس آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔
حارث رؤف کی ایک اوور میں 3 وکٹیں
نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 18.1 اوورز میں 182 رنز پر گری، اس مرتبہ گلین فلپس کو 13 رنز پر حارث رؤف نے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ اگلی ہی گیند پر ایڈم ملن کو بھی حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی اور ایک گیند بعد اوور کی چوتھی گیند پر انہوں نے اش سودھی کو بھی بولڈ کردیا۔
نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ آخری اوور میں 192 رنز پر گری، مچل سینٹنر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 194 رنز بنائے۔
ٹم ساؤتھی 5 اور بین سیئرز ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان کین ولیمسن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کرنے کے لیے نہیں آئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، عباس آفریدی 2 جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔
شاہین آفریدی کسی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کرسکے
میچ میں کپتان شاہین آفریدی 4 اوورز میں 30 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
ہدف کے تعاقب کا آغاز
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے لیے اننگ کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا۔
صائم ایوب نے اپنی اننگ کا آغاز سنگل رن سے جبکہ محمد رضوان نے شاندار چھکا مار کر کیا جس کے بعد صائم ایوب پہلے ہی اوور میں ایک رن پر ہی کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، میٹ ہینری کی جگہ مچل سینٹنر کو شامل کیا گیا ہے۔
ہملٹن میں اس میچ کے لیے آج پاکستان ٹیم نے پہلا میچ کھیلنے ہی والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عامر جمال، اسامہ میر، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی تھی۔



