بالی ووڈ اداکارہ میرا چوپڑا نے اپنی کزن پریانکا چوپڑا اور پرینیتی چوپڑا سے تعلق پر لب کشائی کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم لندن 1920 سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی میرا چوپڑا نے کہا ہے کہ میرا اپنی کزن بہنوں پریانکا چوپڑا اور پرینیتی چوپڑا سے تعلق مضبوط نہیں ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان دونوں اداکاراؤں نے کبھی بھی فلم انڈسٹری میں میری مدد نہیں کی اور اس حوالے سے پیشکش بھی نہیں کی۔
میرا چوپڑا جو جلد ہی سندیپ سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سیفڈ میں نظر آئیں گی، نے حالیہ انٹرویو میں اپنی کزن سسٹرز سے تعلق کی نوعیت پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ میں شوبز میں آئی تو وہ دونوں ہی میری مدد کےلیے موجود نہیں تھیں بلکہ کسی بھی طرح کا تعاون فراہم نہیں کیا۔
میرا چوپڑا نے مزید کہا کہ دونوں کزن کے ساتھ میرا تعلق کبھی بھی قریبی نہیں رہا، ایسا کہنا بے ایمانی ہوگا، فلم انڈسٹری میں بھی ہمارے درمیان دوستی جیسا کوئی تعلق نہیں رہا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ درست بات یہ بھی ہے کہ میں کبھی اُن سے مدد نہیں مانگی اور نہ ہی انہوں نے تعاون کےلیے ہاتھ بڑھایا۔
میرا چوپڑا لندن 1920 اور فلم سیکشن 375 میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔


