بالی ووڈ کی ایکشن فلموں کے معروف اداکار بوبی دیول نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹوں آریامن اور دھرم سے کہا ہے کہ فلمی کیریئر شروع کرنے سے قبل ہندی سیکھیں۔
انکا کہنا تھا کہ سب انگریزی بولتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر اپنے بیٹوں کے علاوہ کسی اور اسٹار کڈ کا نام نہیں لیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اجے دیوگن اور کاجول کی بیٹی نیاسا دیوگن کی ایک ایونٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک اسکول میں ایک مختصر ہندی تقریر کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
بوبی دیول نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ بیٹوں کو ایکٹنگ ڈیبیو سے قبل ہندی سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے بیٹوں کو جو مشورہ دیا اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
54 سالہ بوبی دیول جنہوں نے حال ہی میں رنبیر کپور کی باکس آفس پر ہٹ فلم اینیمل میں مرکزی رول ادا کیا، ان کا کہنا ہے کہ ایک اداکار کے لیے زبان پر کامل عبور بہت اہم ہوتا ہے۔
بوبی نے کہا میں جب بھی نوجوان بچوں سے ملتا ہوں تو یہی کہتا ہوں آپ خود کو حقیقی انداز میں تیار کریں۔ اپنے بیٹوں کی طرح انہیں بھی میں یہی کہتا رہتا ہوں اگر ایکٹر بننا ہے تو پہلے اپنی ہندی ٹھیک کرو، ہندی ٹھیک سے نہیں بولتے کیونکہ عادت نہیں ہے۔ ایک دوسرے سے سب انگریزی بولتے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اگر آپ کو اپنی لائنز پر کمانڈ ہے تو پھر کچھ بھی سوچنے کی ضرورت نہیں اور فوراً کردار کو محسوس کریں گے۔


