بالی ووڈ کی سینیئر اداکارہ اور ٹیلیویژن ڈائریکٹر نینا گپتا نے نسائیت (نسوانیت) کو فالتو کہتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں اور نہ ہی میں اس تصور پر یقین رکھتی ہوں کہ یہ گمان کیا جائے کہ عورتیں مردوں کے مساوی ہیں۔
یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیا کے پوسٹ کاڈ میں ان سے گفتگو کرتے ہوئے 64 سالہ نینا گپتا، مرد و خواتین کی برابری اور نسائیت پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں کہ عورت اور مرد مساوی نہیں ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے نکتہ نظر کو ثابت کرنے کے لیے اپنی زندگی کی مثال شیئر کرتے ہوئے کہا ایک بار مجھے صبح چھ بجے فلائٹ پکڑنا تھی اس وقت میرا کوئی بوائے فرینڈ نہیں تھا۔
نینا گپتا کا کہنا تھا کہ اندھیرے میں چار بجے صبح گھر سے نکلی تو ایک آدمی نے میرا پیچھا کرنا شروع کر دیا جس سے میں ڈر کر واپس گھر چلی گئی۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے دن میں نے پھر وہی فلائٹ بک کیا اور اپنے ایک مرد دوست کے گھر پر ٹھہری اور صبح اس نے مجھے ایئر پورٹ چھوڑا، تو مجھے ایک مرد کی ضرورت پڑی، تو خواتین کو زندگی میں مردوں کی ضرورت رہتی ہے۔
کرکٹ لیجنڈ اور عہد ساز ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈز سے 1980 کے عشرے میں رومانی مراسم کے حوالے سے مشہور نینا گپتا نے کہا کہ ہماری توجہ خواتین کی مالی طور پر آزادی اور انکے کام پر ہونی چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ اگر آپ گھریلو خاتون ہیں تو اسے کمتر نہ سمجھیں یہ ایک اہم کردار ہے۔ اپنی خود اعتمادی میں اضافہ کیجیے اور خود کو چھوٹا سمجھنا چھوڑ دیجیے یہ وہ بنیادی پیغام ہے جو میں آگے بڑھانا چاہتی ہوں۔



