امریکی فیشن ریٹیل کمپنی پی اے سی سن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر بریانے اولسن نے کمپنی کے کاروباری فیصلوں میں نوجوان نسل کی رائے شامل کرنے کے لیے 13 سے 22 سال کے افراد پر مشتمل یوتھ ایڈوائزری کونسل قائم کردی۔
امریکی جریدے فارچیون کی رپورٹ کے مطابق کونسل میں جنریشن زی اور جنریشن الفا سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل ہیں، جو کمپنی کی کاروباری ترجیحات، ریٹیل کے رجحانات اور برانڈ کی بہتری کے لیے تجاویز دیتے ہیں۔
بریانے اولسن نے فارچیون کو بتایا کہ نوجوان صارفین کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرنے کے دوران انہیں احساس ہوا کہ جنریشن زی اور جنریشن الفا کو اکثر درست طور پر نہیں سمجھا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں براہِ راست شریک کرنا اور کمیونٹی کو مرکز میں رکھتے ہوئے ایک بامعنی نظام تشکیل دینا چاہتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ کونسل ایک چھوٹے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرز پر کام کرتی ہے، جس میں ہر سال 15 نوجوان شامل ہوتے ہیں۔ کونسل کے ارکان سال میں ایک مرتبہ اولسن اور کمپنی کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہیں اور صارفین کے تجربے سے لے کر اسٹورز کے انتظامات تک مختلف معاملات پر اپنی رائے دیتے ہیں۔
2023 میں کپمنی کی سی ای او کا عہدہ سنبھالنے والی بریانے اولسن کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کے ساتھ کام کرنے سے انہیں یہ سیکھنے کا موقع ملا کہ کاروباری فیصلوں کے پس منظر اور ان کی وجوہات نوجوانوں کو سمجھانا کتنا ضروری ہے۔
کمپنی کا نوجوانوں سے متعلق یہ اقدام خاصا مقبول ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2024 اور 2025 میں پہلی کونسل کے لیے ارکان کا انتخاب کمپنی نے خود کیا تھا، تاہم 27-2026 کے نئے گروپ کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں تو تقریباً ایک ہزار نوجوانوں نے دلچسپی ظاہر کی۔
اس غیرمعمولی ردعمل کے بعد کمپنی نے اپنا سفیر پروگرام بھی وسیع کردیا۔ اب کمپنی تقریباً 300 نوجوانوں کے ساتھ کام کر رہی ہے، جن کی عمریں 13 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔ یہ نوجوان ڈیزائن، اسٹائلنگ، بصری فنون اور نئے رجحانات سمیت اپنی دلچسپی کے شعبوں میں کمپنی کی معاونت کرتے ہیں۔
اولسن کے مطابق نوجوان مشیروں نے اسٹورز کی ترتیب ازسرنو تیار کرنے اور ریٹیل انڈسٹری میں حریف کمپنیوں کی حکمتِ عملی کا جائزہ لینے سمیت متعدد کاروباری فیصلوں میں مدد فراہم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کمپنی کی اعلیٰ قیادت تک براہِ راست رسائی حاصل ہے اور وہ اپنی تجاویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ برانڈ کے مستقبل کی تشکیل میں بھی کردار ادا کرتے ہیں۔
اولسن نے مزید کہا کہ اس عمل سے نوجوانوں کو رہنمائی، نئے مواقع اور عملی تجربہ حاصل ہوتا ہے، جبکہ نئی نسل کے بارے میں پائے جانے والے روایتی تصورات اور دقیانوسی سوچ کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
بریانے اولسن نے 2023 میں سی ای او کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔
کمپنی ہر سال نوجوانوں سے متعلق ایک رپورٹ بھی جاری کرتی ہے، جس کی تیاری کے لیے جنریشن زی اور جنریشن الفا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد سے سروے کیا جاتا ہے۔ اس رپورٹ میں نوجوانوں کے رویوں، طرزِ زندگی، اخراجات اور ثقافتی دلچسپیوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اولسن کے مطابق ایسے اقدامات کمپنی کی قیادت کو اپنے طریقۂ کار پر نظرثانی کرنے اور یہ سمجھنے کا موقع دیتے ہیں کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے کاروباری اداروں کو کیا تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔





