جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ کے میزبان ممتاز پاکستانی صحافی و کالم نگار حامد میر کو ’دا مسلم فائیو ہنڈریڈ‘ کی جانب سے دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔
یہ اعزاز ان کی دہائیوں پر محیط صحافتی خدمات، پریس کی آزادی کے لیے ان کی بےباک جدوجہد اور انسانی حقوق کےلیے غیر متزلزل مؤقف کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حامد میر نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز 1987ء میں ’روزنامہ جنگ‘ سے کیا، اور 2002ء سے جیو نیوز سے وابستہ ہیں، جہاں وہ آج بھی ملک کے مقبول ترین حالات حاضرہ کے ٹاک شو ’کیپٹل ٹاک‘ کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
حامد میر دنیا کے ان چند گنے چنے صحافیوں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے 11 ستمبر کے واقعات (9/11) کے بعد اسامہ بن لادن کا تاریخی انٹرویو کیا۔
اپنے کیریئر کے دوران انہیں بےباک رپورٹنگ کی پاداش میں متعدد بار ٹی وی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ان پر 2 مرتبہ جان لیوا حملے بھی ہوچکے ہیں۔
دھمکیوں اور چیلنجز کے باوجود حامد میر قومی اور بین الاقوامی سطح پر صحافت کی ایک بااثر آواز بنے ہوئے ہیں، ان کے کام پر انہیں کئی باوقار اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں ’ہلالِ امتیاز‘ اور ’سارک لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ بھی شامل ہیں۔





