میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار

میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار
تھامس مارکل : فائل فوٹو 

برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کو بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد کے الزامات میں امریکی ریاست فلوریڈا میں وفاقی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق 82 سالہ تھامس مارکل کو فلوریڈا کے شہر لیک لینڈ میں ان کی رہائشی کمیونٹی سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ 

اخبار نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایسا مواد میکسیکو اور فلپائن میں ایک اسٹوریج یونٹ سے بھی ملا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فلپائن کے حکام نے گزشتہ ماہ ان الزامات کی تحقیقات شروع کی تھیں، جہاں تھامس مارکل ماضی میں کچھ عرصہ مقیم رہے تھے۔ برطانوی پولیس نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ ان الزامات کو بیرونِ ملک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرے گی، کیونکہ ابتدائی طور پر موصول ہونے والی شکایات دیگر متعلقہ حکام تک نہیں پہنچائی گئی تھیں۔

میگھن مارکل نے حال ہی میں ان الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا کہ ان کے والد کی سابقہ رہائش گاہ سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر کا ذخیرہ ملا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ 2018 میں ان کے والد کے خلاف ’تشویش ناک الزامات‘ پر مشتمل ایک خط لندن پولیس کو بھیجا گیا تھا۔

امریکی ٹی وی ڈرامے ’سوٹس‘ سے شہرت حاصل کرنے والی میگھن نے 2018 میں ونڈسر کیسل میں شہزادہ ہیری سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ ہیں۔

میگھن کے والد تھامس مارکل ٹیلی ویژن کے شعبے میں لائٹنگ اور فوٹوگرافی کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر ہیں۔ وہ اپنی بیٹی کی شادی میں شریک نہیں ہوئے تھے، جس کے بعد برطانوی میڈیا میں دونوں کے درمیان دوری اور تعلقات کشیدہ ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ 

میگھن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے والد سے فاصلہ اختیار کیا۔

Scroll to Top