بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پمپری چنچواڑ میں ایک 33 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے 6 سالہ بیٹے سمیت رہائشی عمارت کی 18ویں منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مرنے والی خاتون کی شناخت ایکتا بانگڑ کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے شوہر منوج بانگڑ اور بیٹے مادھو کے ساتھ وہاں رہائش پذیر تھی۔ شوہر پونے کی ایک آئی ٹی کمپنی میں انجینئر ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایکتا اپنے بیٹے کو عمارت کی 18ویں منزل پر لے گئی اور وہاں سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ دونوں کی لاشیں ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کو خاتون کے گھر سے 7 سے 8 صفحات پر مشتمل ایک تحریر بھی ملی ہے، جسے مبینہ خودکشی نوٹ قرار دیا جارہا ہے۔
تحریر میں خاتون نے اپنے شوہر سے درخواست کی تھی کہ ان کی موت کے بعد وہ دوسری شادی کرکے نئی زندگی شروع کریں۔ انہوں نے بیٹے کے مستقبل اور اپنی غیر موجودگی میں اس کی زندگی پر پڑنے والے اثرات سے متعلق خدشات کا بھی ذکر کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا تھا کہ ان کی موت کے بعد بیٹا بار بار اپنی والدہ کے بارے میں پوچھے گا، جبکہ بچے کی موجودگی ان کے شوہر کی دوسری شادی میں بھی رکاوٹ بن سکتی ہے۔
پولیس تحریر کے مندرجات کا جائزہ لے رہی ہے اور اس میں بیان کردہ باتوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایکتا گزشتہ کئی سال سے ریڑھ کی ہڈی کے عارضے میں مبتلا تھی اور مختلف اسپتالوں سے علاج بھی کروا رہی تھی، تاہم متعدد طبی مراکز سے رجوع کرنے کے باوجود اس کی بیماری کی حتمی تشخیص نہیں ہوسکی تھی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔



