تین ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ شاداب خان نے حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر 89 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور قومی ٹیم کو فتحیاب کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 242 رنز کا ہدف 48 ویں اوور میں حاصل کرلیا، شاداب خان نے 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 242 رنز کے ہدف کے جوابی اننگز میں پاکستان کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا، 102 رنز پر آدھی ٹیم بابرا عظم سمیت پویلین پہنچ چکی تھی، پھر 154 رنز پر 9 وکٹیں گر چکی تھیں اور میچ تھا کہ کسی بھی وقت ختم ہوسکتا تھا لیکن شاداب خان اور حارث رؤف آخری وکٹ کے طور پر اکھٹا ہوئے۔
حارث نے روکنا اور شاداب نے آہستہ آہستہ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، شاداب نے پہلے 52 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے، سات چوکے ، ایک چھکا لگایا، پھر دونوں کے درمیان یہ شراکت مضبوط ہونے لگی۔
97 کے اسکور پر ری ویو میں ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے کے بعد شاداب خان نے اپنی سنچری مکمل کی، 92 گیندوں پر 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے اُنہوں نے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی اور نئی زندگی ملنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے بقیہ 21 رنز حاصل کرکے پاکستان کو ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں پہنچا دیا۔
پلیئر آف دی میچ شاداب خان 113 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، حارث رؤف نے 7رنز اسکور کیے، سعد بیگ 32، سلمان آغا 26، حسن نواز15 بابر اعظم اور فخر زمان 10، 10 رنز بنا سکے
جیمی اوور ٹن نے تین، اٹیکنسن اور ڈاؤسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سیم کرن 52 گیندوں پر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، رضا اللّٰہ نے 38 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عرفات منہاس نے 26 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف نے 55 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو ہم پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک اضافی اسپنر شامل کیا ہے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، رضا اللہ ڈیبیو کریں گے جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ وارم اپ کے دوران نسیم شاہ کی انگلی میں انجری ہوئی ہے جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم سے ڈراپ کیا ہے۔
میچ کا آغاز
قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم نے میچ کا آغاز اچھے انداز میں کیا اور انگلینڈ کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گرا دی، فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹام بینٹن کو آؤٹ کر کے ون ڈے میں 150 وکٹیں مکمل کرلیں۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد انگلینڈ کی دوسری وکٹ 11 رنز پر گر گئی جب شاہین آفریدی نے جو روٹ کو 5 رنز پر آؤٹ کیا، اس کے بعد پاکستان ٹیم کو اگلی وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور انگلینڈ کی تیسری وکٹ 19 رنز پر گر گئی۔
پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 52 رنز پر گری، اس مرتبہ جارڈن کوکس 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں شاداب خان، رضا اللّٰہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم سیریز کے اپنے پہلے دونوں میچز سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف جیت چکی ہے جبکہ انگلینڈ کو اپنے دونوں میچز میں شکست ہوئی تھی۔



