صدر، وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی

صدر، وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی

فائل فوٹو 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی بنا دی گئی۔

ایوان صدر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔

وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، صدر اور وزیر اعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللّٰہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ موجود تھے۔

Scroll to Top