ایک فلم سے ہیرو کی بیوی کی وجہ سے نکال دیا گیا تھا، تاپسی کا انکشاف

ایک فلم سے ہیرو کی بیوی کی وجہ سے نکال دیا گیا تھا، تاپسی کا انکشاف
تاپسی پنو – فوٹو: فائل

بھارتی اداکارہ تاپسی پنو نے کہا ہے کہ مجھے ایک مرتبہ فلم سے اس لیے نکال دیا گیا تھا کیونکہ ہیرو کی بیوی کو مجھ سے مسئلہ تھا۔

اپنی جاندار اداکاری اور بے باک انداز کے لیے پہچانی جانے والی بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے شوبز انڈسٹری میں کاسٹنگ ڈائریکٹرز اور ہیرو کے اثر و رسوخ کے حوالے سے ایک تلخ حقیقت کا انکشاف کیا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران تاپسی نے بتایا کہ انہیں اپنے کیریئر میں کئی بار فلموں سے سائیڈ لائن کیا گیا، لیکن سب سے مضحکہ خیز اور بدترین وجہ وہ تھی جب انہیں ایک بڑی فلم سے صرف اس لیے ہٹا دیا گیا کیونکہ ہیرو کی اہلیہ ان کی کاسٹنگ سے خوش نہیں تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں بعض اوقات آپ کی قابلیت، لُک اور محنت کے بجائے ذاتی پسند ناپسند اور اندرونی تعلقات کی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے ہیں جو نئے فنکاروں کے ساتھ شدید زیادتی ہے۔

ان تمام رکاوٹوں اور نامساعد حالات کے باوجود تاپسی جلد ہی اپنی ایکشن ڈراما فلم ‘گندھاری’ میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جس کا ان کے مداحوں کو شدت سے انتظار ہے۔

Scroll to Top