بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں شادی کی رات 22 سالہ دولہا سانپ کے کاٹنے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق متوفی دولہا کی شناخت ببلو موریا کے نام سے ہوئی، جس کی شادی بدھ کے روز ہوئی تھی اور وہ جمعرات کو اپنی دلہن نیتو کو گھر لے کر آیا تھا۔ رات 3 بجے ببلو کو اچانک پیٹ میں شدید درد اٹھا، جس پر اس نے اپنے والد کو آواز دی۔
گھر والے اسے فوری طور پر مقامی کلینک اور پھر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے سانپ کے کاٹنے کا شبہ ظاہر کیا اور اسے میڈیکل کالج منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔
بروقت علاج نہ ملنے اور زہر پورے جسم میں پھیل جانے کی وجہ سے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دولہا کی موت واقع ہوگئی، ہفتے کی صبح اس کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔
والد کنورپال موریا کے مطابق ببلو کے جسم پر کسی قسم کا ظاہری نشان نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں شروع میں سانپ کے کاٹنے کا علم نہیں ہو سکا، اس ناگہانی واقعے کے بعد دلہن نیتو اور والدین کی خوشیاں غم میں بدل گئی ہیں۔




