امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر حملوں کی ویڈیو میں اپنے گانے کے استعمال پر ٹرمپ انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر فوجی حملوں سے متعلق سوشل میڈیا ویڈیو میں گانا بنا اجازت استعمال کیے جانے پر امریکی گلوکارہ نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا اور اسے اپنے گانے کے مقصد کی مکمل خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے سرکاری ٹک ٹاک اکاؤنٹ نے جمعرات کو ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں بمباری کی فوٹیج کے ساتھ کیٹی پیری کے 2010ء میں ریلیز ہونے والے مقبول گانے ’فائرورک‘ کے بول، جن میں بوم، بوم، بوم شامل ہیں، استعمال کیے گئے۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ایران کو خبردار کر دیا گیا ہے۔
کیٹی پیری نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ اس ویڈیو میں اپنے گانے کے استعمال پر میں شدید صدمے اور غصے میں ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے اس کی اجازت نہیں دی، مجھ سے اس بارے میں کوئی اجازت نہیں لی گئی اور میں اس کی ہر گز حمایت نہیں کرتی۔
کیٹی پیری نے لکھا کہ میرا گانا فائرورک ان افراد کے لیے امید، حوصلے اور اندرونی طاقت کی علامت کے طور پر لکھا گیا تھا جو اپنی زندگی کے مشکل ترین مراحل سے گزر رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حوصلہ افزائی کے پیغام کو تباہی اور تشدد کی منظر کشی کے لیے استعمال ہوتے دیکھنا میرے گانے کے بنیادی مقصد کی مکمل خلاف ورزی ہے، میری موسیقی لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ہے، جنگ کی خوشی منانے کے لیے نہیں۔




