سندھ میں جون کے دوران 29 ماحولیاتی نمونوں میں سے صرف ایک پولیو وائرس کے لیے مثبت پایا گیا۔
سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مثبت نمونہ کراچی ایسٹ سے رپورٹ ہوا، جبکہ صوبے میں پولیو کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی مشترکہ کوششوں اور مؤثر ویکسینیشن مہمات کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔
سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے صوبے میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی نگرانی کے حوالے سے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صورتحال میں مثبت رجحانات سامنے آ رہے ہیں۔
جون کے دوران حاصل کیے گئے 29 ماحولیاتی نمونوں میں سے صرف ایک نمونہ پولیو وائرس کے لیے مثبت پایا گیا، جبکہ 21 نمونے منفی قرار دیے گئے ہیں اور 7 نمونوں کے نتائج تاحال زیرِ عمل ہیں۔
سندھ ای او سی کے مطابق مثبت ماحولیاتی نمونہ کراچی ایسٹ سے رپورٹ ہوا ہے، جبکہ اس راؤنڈ میں صوبے کے کسی اور علاقے سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ادارے کا کہنا ہے کہ سندھ نے پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے، جو کمیونٹیز کے تعاون، فرنٹ لائن ورکرز کی انتھک محنت اور حکومتی شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کا خیرمقدم کریں، بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر انحصار کریں۔




