ترجمان خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کا تباہی کے سوا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، امریکی کمانڈر اور فوجی خلیج فارس کی شارک مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے۔
اپنے بیان میں ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکی جارحیت اور قبضے کا نتیجہ امریکی فوجیوں کی ذلت آمیز قید ہوگی، ٹرمپ نے متعدد بار ایران کو زمینی کارروائی اور خلیج فارس کے جزائر پر قبضے کی دھمکی دی، ٹرمپ دہشت گرد تنظیم موساد کے دباؤ میں آکر نیتن یاہو کے ہاتھوں مہرہ بن گئے، وہ دنیا کے سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والے صدر ہیں۔
ترجمان خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز نے کہا کہ ٹرمپ اپنے غیر مستحکم خیالات اور بیانات کی وجہ سے قابل اعتماد نہیں، اپنے غلط فیصلوں سے امریکی فوج کو موت کی دلدل میں پھینک رہے ہیں، یہ صبح دھمکی دیتے ہیں اُسی شام پیچھے ہٹ جاتے ہیں، ٹرمپ مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور چند گھنٹوں بعد جنگ جاری رکھنے کا کہہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ امریکا، یورپ، خصوصاً ایشیائی ممالک کو بڑا نقصان پہنچا چکے، صدر ٹرمپ صرف طاقت کی زبان ہی سمجھتے ہیں۔




