کنگ آف پوپ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم کا انتظار ختم ہوگیا، فلم ’’مائیکل‘‘ 24 اپریل کو باکس آفس پر دھوم مچانے کو تیار ہے۔
شاندار میوزک، جذباتی کہانی اور ایک لیجنڈ کی زندگی سے متعلق فلم کی جھلکیوں نے 80ء اور 90ء کی دہائی کے مداحوں کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو بھی اپنا دیوانہ بنا دیا ہے۔
فلم “مائیکل” دنیا کے سب سے بااثر فنکاروں میں سے ایک مائیکل جیکسن کی زندگی اور وراثت کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ فلم موسیقی سے ہٹ کر مائیکل جیکسن کی زندگی کی کہانی بیان کرتی ہے، جس میں جیکسن فائیو کے مرکزی گلوکار کے طور پر ان کی غیر معمولی صلاحیت سے لے کر ایک ایسا فنکار بننے تک کا سفر دکھایا گیا ہے، جس کی تخلیقی اُمنگ نے اسے دنیا کا سب سے بڑا تفریح فراہم کرنے والا فنکار بننے کی انتھک جستجو پر گامزن رکھا۔
فلم میں اسٹیج سے ہٹ کر ان کی ذاتی زندگی اور ان کے ابتدائی سولو کیریئر کی کچھ یادگار پرفارمنسز کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جس سے ناظرین کو مائیکل جیکسن کو پہلے سے کہیں زیادہ قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
انٹونی فوکوا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں جعفر جیکسن، نیا لونگ، لارا ہیریئر اور جولیانا کرو ویلدی نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔





