امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے سویلینز کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی حکومت آبنائے ہرمز کے ساتھ واقع غیر فوجی بندرگاہوں کو فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی ہے، جو بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے لیے خطرہ ہیں۔
ٹامپا فلوریڈا سے جاری اس وارننگ میں سینٹکام نے کہا کہ یہ خطرناک اقدام معصوم لوگوں کی جانوں کے لیے خطرہ ہے، جو سویلین بندر گاہیں فوجی مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہیں وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی محفوظ حیثیت کھو دیتی ہیں اور جائز فوجی اہداف بن جاتی ہیں۔
سینٹکام نے ایرانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ان تمام بندرگاہوں سے دور رہیں جہاں ایرانی بحریہ آپریٹ کر رہی ہے۔ ایرانی بندرگاہوں پر کام کرنے والےڈاک ورکرز، انتظامی عملہ اور تجارتی جہازوں کے عملے کو چاہیے کہ وہ ایرانی بحری جہازوں اور فوجی ساز و سامان سے دور رہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایرانی بحری افواج نے تجارتی بحری آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والے بندرگاہوں کے اندر فوجی جہاز اور ساز و سامان تعینات کر دیے ہیں۔
سینٹکام کے مطابق امریکی فوج بھی ان مقامات کے اندر یا آس پاس شہریوں کی مکمل حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتی جسے ایرانی حکومت فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، تاہم امریکی افواج شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرتی رہیں گی۔



