پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرے گی،حکومت پاکستان

پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرے گی،حکومت پاکستان

حکومت پاکستان کے مطابق قومی ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرے گی تاہم پاکستان ٹیم 15فروری کو بھارت کےخلاف میچ نہیں کھیلےگا۔

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملاقات ختم ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کرے گی تاہم پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ حکومت پاکستان نے پی سی بی کو منظوری دے دی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو میں کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پرمبنی ہے۔ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلادیش کی حمایت کی۔ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔ کسی میدان میں بھی کامیابی ٹیم ورک سے ملتی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں۔ ورلڈکپ سے متعلق حکومت پاکستان کے فیصلے پر من وعن عمل کریں گے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے سیکیورٹی تحفظات پر گزشتہ تین ہفتوں تک مشاورت جاری رہی، جس دوران اندرونی اور بیرونی ماہرین سے تفصیلی سیکیورٹی اسیسمنٹ بھی کروائی گئی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جائزے کے بعد بھارت میں بنگلادیش ٹیم کو کوئی قابلِ تصدیق سیکیورٹی خطرہ ثابت نہیں ہوا۔ مقررہ وقت تک بنگلادیش کی جانب سے حتمی جواب موصول نہ ہونے پر گورننس اور کوالیفکیشن قوانین کے تحت متبادل ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق اسکاٹ لینڈ اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر ہے، جبکہ اس کی رینکنگ نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکا، کینیڈا، عمان اور اٹلی سے بہتر ہے۔

Scroll to Top