دوسرا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے دی

دوسرا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے دی
آسٹریلیا کے تمام 10 کھلاڑیوں کو اسپنرز نے آؤٹ کیا۔ – فوٹو بشکریہ کرک انفو

پاکستان نے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری بھی حاصل کرلی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کو 7 سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی ہے۔ 

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جہاں قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ 

کپتان سلمان علی آغا نے 76، عثمان خان نے 53 اور صائم ایوب نے 23 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ لی۔    

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 

مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ 7 بیٹرز دہرے ہندسے میں بھی نہ جاسکے۔ 

آسٹریلیا کی تمام وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے لیں۔ شاداب خان اور ابرار احمد 3، 3 عثمان طارق 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری بھی حاصل کرلی۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔

عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان آج کا میچ نہیں کھیلے۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 22 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top