خیبر پختون خوا کے کوہاٹ ڈویژن کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او ہنگو نثار احمد کے مطابق تھانہ دوآبہ کی حدود میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، جاں بحق افراد میں 3 شہری اور 1 پولیس اہلکار شامل ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دوآبہ تھانے پر 2 خودکش حملے ہوئے، ایک خودکش دھماکا تھانے کے گیٹ پر جبکہ دوسرا خودکش دھماکا تھانے کے اندر مسجد میں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گر گئی۔ پولیس، ریسکیو اہلکار اور اہلِ علاقہ موقع پر موجود ہیں، ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے نگراں وزیرِ اطلاعات کی مذمت
دوسری جانب بلوچستان کے نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی نے ہنگو میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔
دھماکے کی رپورٹ طلب
نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہنگو دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی اور ریسکیو اداروں سمیت ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان نے کہا ہے کہ ہنگو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے ۔




