پاکستان کی مقبول ترین نوجوان اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر اپنے خوبصورت اور انسان دوست اقدام کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
اداکارہ نے ایک بڑے خیراتی کام کے ذریعے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔
ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈب اسمیش سے شہرت حاصل کرنے کے بعد شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا، آج پاکستان کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، اب ان کی جانب سے کیا گیا ایک فلاحی اقدام سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔
معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق کی قائم کردہ فلاحی تنظیم سہارا لائف ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسپتال میں ہانیہ عامر نے ایک مکمل نیا وارڈ عطیہ کیا ہے۔
سہارا لائف ٹرسٹ کی جانب سے جاری کی گئی معلومات کے مطابق یہ وارڈ ہانیہ عامر نے فریال نگہت کے نام منسوب کیا ہے۔
تنظیم نے خود اس عطیے کا اعلان کرتے ہوئے اداکارہ کے اس جذبۂ خدمت کو سراہا ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین نے ہانیہ عامر کے اس اقدام کی بھرپور تعریف کی ہے۔
ایک صارف نے لکھا ہےکہ آپ کے لیے بے شمار دعائیں، جبکہ ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر واقعی ایک خوبصورت دل رکھنے والی انسان ہیں۔
ایک اور مداح نے تبصرہ کیا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں اور برکتیں عطاء فرمائے۔





