گھر سے باہر نکلے بغیر 1 دن میں 10,000 قدم پورے کرنے کے آسان طریقے

گھر سے باہر نکلے بغیر 1 دن میں 10,000 قدم پورے کرنے کے آسان طریقے
—فائل فوٹو 

روزانہ 10 ہزار قدم چلنا صحت مند زندگی کے لیے ایک مؤثر ہدف سمجھا جاتا ہے لیکن ہر کسی کے لیے باہر جا کر واک کرنا ممکن نہیں ہوتا، گھر کے اندر بھی معمولی منصوبہ بندی اور روزمرہ سرگرمیوں کے ذریعے یہ ہدف آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ایک اوسط فرد 10 منٹ میں تقریباً 1,000 قدم چلتا ہے، اس حساب سے 10,000 قدم مکمل کرنے کے لیے تقریباً 100 منٹ کی سرگرمی درکار ہوتی ہے۔

اس وقت کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے جیسے کہ صبح ناشتے سے قبل 20 منٹ واک کریں، ناشتے کے بعد دن بھر میں 3 بار 10،  10 منٹ کی چہل قدمی کریں، روزمرہ کاموں کے دوران 30 منٹ اور شام کو 20 منٹ تک چلیں۔

ماہرین نے گھر کے اندر 10,000 قدم مکمل کرنے کے لیے چند آسان طریقے تجویز کیے ہیں۔

ماہرین کی تجویز ہے کہ اگر گھر چھوٹا ہو اور زیادہ چلنے کی جگہ موجود نہ ہو تو ایک ہی جگہ کھڑے ہو کر چلنے کی طرح ٹانگوں کو حرکت دیں، رفتار میں تبدیلی یا گھٹنے بلند کرنے کی مشق بھی کریں۔

فون پر بات کرتے ہوئے بیٹھنے کے بجائے گھر میں چہل قدمی کریں۔

اگر گھر میں سیڑھیاں ہیں تو بار بار اوپر نیچے جائیں۔

گھر میں موجود چلنے والی مشین یا واکنگ پیڈ استعمال کریں، 45 منٹ میں تقریباً 4,500 قدم مکمل کیے جا سکتے ہیں۔

گھر کے مختلف کمروں کے درمیان مسلسل چکر لگائیں۔

موسیقی پر رقص کریں تاکہ قدم بھی بڑھیں اور ورزش بھی ہو جائے۔

جھاڑو، صفائی، سامان ترتیب دینے اور دیگر گھریلو کاموں کو سرگرمی کا حصہ بنائیں۔

قدم گننے والی ایپ، ڈیجیٹل گھڑی یا آلہ استعمال کریں اور دن بھر چھوٹے اہداف مقرر کریں۔

وقت کم ہو تو ایک جگہ تیز مارچ، واکنگ لنجز یا مختصر ورزش کریں تاکہ قدموں کی تعداد تیزی سے بڑھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان آسان عادات کو روزمرہ معمول کا حصہ بنا کر گھر سے باہر نکلے بغیر بھی 10,000 قدم مکمل کیے جا سکتے ہیں جس سے دل کی صحت بہتر رہتی ہے، ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں، وزن قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے اور جسمانی و ذہنی تندرستی میں اضافہ ہوتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Scroll to Top