کچھ دیر کیلئے میری کلینیکل ڈیتھ ہوگئی تھی، دل کا دورہ پڑنے سے متعلق شریاس کا انکشاف

کچھ دیر کیلئے میری کلینیکل ڈیتھ ہوگئی تھی، دل کا دورہ پڑنے سے متعلق شریاس کا انکشاف
فوٹو: فائل

حال ہی میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد صحتیاب ہونے والے بھارتی اداکار شریاس تلپڑے کا کہنا ہے کہ کچھ منٹوں کیلئے ان کی کلینیکل ڈیتھ ہوگئی تھی۔ 

واضح رہے کہ کچھ روز قبل شریاس تلپڑے کو دل کا دورہ پڑا تھا، وہ کچھ روز اسپتال میں زیر علاج رہے، جہاں ان کی اینجیوپلاسٹی کی گئی تھی۔ 

حالیہ انٹرویو کے دوران شریاس نے اپنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے خدشات دور کردیے۔ 

شریاس نے بتایا کہ اچانک میری سانس اکھڑنے لگی تھی اور میرے بائیں ہاتھ میں درد ہونا شروع ہوگیا تھا۔ میں بہت مشکل سے ہی وینیٹی وین کی جانب چل کر گیا اور اپنے کپڑے بدلے۔ 

انہوں نے کہا کہ ابتدا میں مجھے ایسا محسوس ہوا کہ شاید یہ پٹھوں میں کھنچاؤ ہو، کیونکہ ہم ایکشن سین کر رہے تھے۔ 

شریاس کا کہنا تھا کہ میں کبھی ایسی خطرناک صورتحال دوچار نہیں ہوا، تاہم جیسے جیسے میں بیٹھ رہا تھا تو سوچا کہ مجھے فوری طور پر اسپتال جانا چاہیے، لیکن پھر سوچا کہ پہلے گھر جانا چاہیے۔ 

انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ دیپتی نے مجھے اس حالت میں دیکھا تو ہم 10 منٹ کے اندر اندر اسپتال کےلیے نکل گئے۔ 

اداکار نے بتایا کہ اسپتال کے گیٹ پر پہنچتے ہی وہ بےست ہوگئے تھے کیونکہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

شریاس تلپڑے نے کہا کہ میں کچھ منٹوں کےلیے کلینکلی ڈیڈ ہوگیا تھا۔ 

واضح رہے کہ کلینیکلی ڈیتھ کی اصطلاع میڈیکل کی زبان میں خون کے بہاؤ اور سانس کے رک جانے سے متعلق استعمال کی جاتی ہے اور یہ سب تب ہوتا ہے جب دل معمول کے مطابق دھڑکنا بند کردیتا ہے۔  

شریاس کا کہنا تھا کہ میں کبھی اسپتال میں داخل نہیں ہوا، میں نے کبھی یہ صورتحال نہیں دیکھی۔ 

انہوں نے نصیحت کی کہ اپنی صحت کو معمولی چیز نہ سمجھیں، آپکو اپنی صحت کو انتہائی اہمیت دینی چاہیے۔ 

بھارتی اداکار نے کہا کہ ’جان ہے تو جہان ہے، اس طرح کا تجربہ زندگی سے متعلق آپکے نظریے کو بدل دیتا ہے۔‘

Scroll to Top