میگا کرکٹ ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے 27 ویں میچ میں بھارت کے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی 78 رنز پر 7 وکٹیں گر گئیں۔
قومی بیٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان ہاردک پانڈیا کے پہلے اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے اوورز کی پہلی گیند پر صائم ایوب نے بمرا کو 6 مارا اور اگلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ اسی اوور میں ایک چوکا لگانے والے کپتان سلمان علی آغا کیچ آؤٹ ہوگئے، یوں پاکستان ٹیم 12 رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔
اس کے بعد عثمان خان نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور رنز بنانا شروع کیے تو سامنے موجود بابر اعظم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں 34 کے مجموعے پر اکشر پٹیل نے بولڈ کردیا۔
عثمان خان اور شاداب خان کے درمیان 39 رنز کی پارٹنرشپ بنی تاہم 73 کے مجموعے پر پہلے 44 رنز بنانے والے عثمان خان آؤٹ ہوئے، انہیں بھی اکشر پٹیل نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد 78 رنز پر محمد نواز اور اتنے اسکور پر ہی شاداب خان آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان ٹیم 78 پر 7 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 175 رنز بنائے، ایشان کشن نے 77 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی اور ٹیم کے اچھے ہدف میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سوریا کمار 32، شیوم دوبے 27 اور تلک ورما 25 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ ابھیشیک شرما، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل صفر رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ رنکو سنگھ نے 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
گرین شرٹس کی طرف سے صائم ایوب کامیاب ترین بولر رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 وکٹ لیں، آخری اوور میں لگاتار 2 گیندوں پر 2 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستان کی طرف سے کپتان سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
میچ کے دوران آئی سی سی چیف جے شاہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق بھارتی کپتان روہت شرما اور سری لنکن بورڈ آفیشلز اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہ ملایا
میگا ایونٹ کے بڑے میچ میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی، دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پلیئنگ الیونز
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ٹیم میں جارح مزاج بلے باز ابھیشیک شرما اور تجربہ کار اسپنر کلدیپ یادیو کی واپسی ہوئی ہے۔
بھارتی ٹیم کپتان سوریا کمار یادیو، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، تلک ورما، ہاردیک پانڈیا، شوم ڈوبے، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتھی اور جسپریت بمراہ پر مشتمل ہے۔
ٹیموں کا وارم اپ
اس سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم پہنچی تھیں، کھلاڑیوں نے میدان میں ورام اپ کیا۔
ایونٹ کے تمام میچز جیو سوپر اور مائیکو ایپ پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم کے گیٹ شائقین کے لیے کھول دیے گئے، شائقین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
ابھیشک شرما کے خلاف پاکستان کا اسپنر عثمان طارق سے نئی گیند کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔




