وزیراعظم شہباز شریف ک زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو خطے کی صورتحال اور پاکستان کی امن کوششوں کے حوالے سے تفصیل سے بتایا۔
وفاقی کابینہ نے اتفاقِ رائے سے امن مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر قرارداد تشکر منظور کر لی۔ جس میں ایران اور امریکا کے درمیان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اللہ نے وطن عزیز پاکستان کو موقع دیا کہ وہ خطے اور دنیا میں قیام امن کےلیے مرکزی ادا کرے، وفاقی کابینہ رب ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر ادا کرتی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اپنے معاونین کے ہمراہ انتھک لگن، محنت اور تدبر کے ساتھ دو متحارب فریقین کو اکٹھے بٹھایا، امن مذاکرات کا انعقاد کرکے تقریباً نصف صدی پر محیط تعطل کا خاتمہ کیا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل نے راتیں جاگ کر انتہائی احسن طریقے سے معاملات کو نبھایا۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ بلاشبہ اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی امن کے اس سفر میں انہیں کامیابیاں عطا فرمائے، پاکستانی قیادت کی مخلصانہ کوششیں دنیا میں قیام امن کا باعث بنیں۔





