ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 6 خارجیوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 36 سالہ نائک غلام مرتضیٰ اور 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ عزم استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہید نائک غلام مرتضیٰ کا تعلق ضلع گجرات اور سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔




