اداکار اور آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کا ہفتے کے روز ممبئی میں کندھے کا بڑا آپریشن ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے روٹیٹر کف کی شدید چوٹوں کی تشخیص کی تھی۔
ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہنے والا یہ آپریشن ان کے دائیں کندھے پر کیا گیا۔ جنا سینا پارٹی کے مطابق آپریشن کامیاب رہا اور پون کلیان اب رو بہ صحت ہیں۔
ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں جنا سینا پارٹی نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کے کندھے کا آپریشن کر دیا گیا، دونوں کندھوں میں روٹیٹر کف کی شدید چوٹوں کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد پہلے دائیں کندھے کا آپریشن کیا گیا۔ سرجری کا یہ عمل ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہا۔
دونوں کندھوں میں روٹیٹر کف کی شدید چوٹوں کی حالیہ تشخیص کے بعد طبی ماہرین نے پون کلیان کو فوری آپریشن کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم انہوں نے اس عمل کو اس وقت تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا جب تک کہ وہ اپنے پہلے سے طے شدہ سرکاری فرائض کو پورا نہیں کر لیتے۔
آپریشن کے بعد کے درد سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں نے دونوں کندھوں کا ایک ساتھ آپریشن نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ بائیں کندھے کا آپریشن تقریباً دو ماہ بعد ہونے کی توقع ہے۔





