راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے آرمی آڈیٹوریم میں ملاقات کی، نشست میں پاک فوج کے زمانہ امن اور دیگر حوالوں سے امور پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قومی سکیورٹی سمیت داخلی وبیرونی چیلنجز پر اظہار خیال کیا، سول اور ملٹری قیادت کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا، سید عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے مسلح افواج کے متحرک کردار پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سول بیوروکریسی کا ریاستی نظم ونسق میں کلیدی کردار ہے، پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے، انہوں نے افسران کو تلقین کی کہ قوم کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلی معیار پر پورا اتریں۔
افسران کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے آپریشنل علاقوں میں فارمیشنز کے ساتھ منسلک رہے، زیر تربیت افسروں نے تینوں افواج سے متعلق تجربہ حاصل کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق افسران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے وژن اور پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

