میزبان نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی کل ڈنیڈن میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کے پاس سیریز میں واپسی کا آخری موقع ہے، میچ کےلیے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کےلیے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست سے بچنے کا آخری موقع ہے جہاں وہ ڈنیڈن میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کل مد مقابل ہوگی۔
سیریز میں نیوزی لینڈ کو پہلے ہی 0-2 کی برتری حاصل ہے اور قومی ٹیم کو سیریز میں کم بیک کرنے کےلیے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں بھی کردی گئی ہیں جہاں فاسٹ بولر عباس آفریدی پیٹ میں تکلیف کے سبب باہر ہوگئے ہیں، اُسامہ میر اور عامر جمال بھی شامل نہیں ہیں، اُسامہ ابتدائی دو میچوں میں 90 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کر پائے ہیں۔
ان تینوں کی جگہ محمد نواز، وسیم جونیئر اور زمان خان فائنل الیون میں شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے آخری تیاریوں کے طور پر بھرپور پریکٹس بھی کی۔
کیوی ٹیم کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کےلیے میزبان ٹیم کو ایک میچ میں کامیابی کی ضرورت ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے شروع ہوگا۔

