پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیت لی۔ وزیراعظم نے قومی والی بال ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
اسلام آباد میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
پاکستان کی جیت کا اسکور 25-20، 25-16 اور 25-20 رہا۔
ٹورنامنٹ میں 6 ٹیموں نے شرکت کی، قومی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔
دوسری جانب تیسری پوزیشن کے میچ میں سری لنکا نے ازبکستان کو شکست دی۔
وزیراعظم کی والی بال ٹیم کو مبارکباد
وزیراعظم نے پاکستانی والی بال ٹیم کو سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کیا۔ باصلاحیت نوجوان کھیل کے ہر میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کھیلوں کا فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ہرممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔



