ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 115 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں 84 رنز پر سری لنکا کی صرف ایک وکٹ گری تھی، لیکن اسکور میں صرف 30 رنز کے اضافے پر اس کے 9 کھلاڑیوں نے پویلین کی راہ لی۔
کامل مشرا 59 رنز کے ساتھ سری لنکا کے سب سے نمایاں بیٹر رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
شاہین آفریدی اور محمد نواز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سلمان مرزا اور صائم ایوب کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
فائنل کیلئے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر شاہین آفریدی پلیئنگ الیون میں واپس ہوئی ہے جبکہ وسیم جونیئر کو ڈراپ کردیا گیا۔
سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وہی ٹیم برقرار رکھی گئی ہے جس نے آخری میچ میں پاکستان کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
ٹاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ عام پنڈی وکٹ جیسی نہیں، مگر پھر بھی 160 سے 170 رنز کا ٹوٹل قابلِ دفاع ہوگا۔ ان کے مطابق ٹیم کو صرف معیاری کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔
سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے کہا کہ سرد موسم کوئی مسئلہ نہیں اور ٹیم ایسے حالات کی عادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیٹنگ میں 160 سے زائد اسکور مل جائے تو وہ اسے بونس سمجھیں گے، سری لنکا نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
سری لنکا نے پہلے زمبابوے اور آخری میچ میں پاکستان کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ گذشتہ روز کپتان سلمان علی آغا اور سری لنکن کپتان داسن شناکا نے مقامی ہوٹل میں ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔



