خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیو کا ایک اور نیا کیس سامنے آ گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق پولیو وائرس سے متاثرہ بچے کی عمر صرف 10 ماہ ہے۔
قومی ادارہ صحت کی پولیو لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 18 تک پہنچ چکی ہے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ ہر وہ بچہ جو ویکسین سے محروم ہے، پولیو وائرس کے شدید خطرے سے دوچار ہے۔ اس موذی مرض سے بچاؤ کا واحد مؤثر طریقہ بار بار پولیو ویکسین کا استعمال ہے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اُنہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔
ادارے کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے جنوبی خیبر پختونخوا پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور اس کے لیے نیا ایکشن پلان بھی ترتیب دیا جا رہا ہے۔ مہمات کو مؤثر بنانے اور دور دراز علاقوں تک رسائی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔