آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں معروف بھارتی ڈرامہ نگار جاوید صدیقی کا تحریر کردہ ڈرامہ پیش کیا گیا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان، جنگ اور جیو کے اشتراک سے ورلڈ کلچرل فیسٹیول پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔
عالمی ثقافتی میلے کے 21ویں دن بھارتی ڈرامہ نگار جاوید صدیقی کا مشہور ڈرامہ ’سالگرہ‘ پیش کیا گیا۔ یہ کہانی ہندی اور اردو ادب میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے۔ ہدایتکار پارس مسرور نے اس کھیل کو سندھی زبان میں پیش کرکے نیا رنگ دیا۔
ڈرامے میں معروف اداکار پارس مسرور اور سبرینا نے مرکزی کردار ادا کیے، جن کی جاندار اداکاری کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
شائقین نے نہ صرف اداکاری کو سراہا بلکہ کہانی کے جذباتی پہلو کو بھی خوب داد دی۔
ڈراما دیکھنے کےلیے شائقین کی بڑی تعداد تھیٹر میں موجود رہی۔ ان کا تاثر تھا کہ اس طرح کے ڈرامے معاشرتی مسائل اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری زندگی کے ایسے پہلو بھی نمایاں کرتے ہیں جنہیں دیکھ کر کبھی خوشگوار حیرت ہوتی ہے تو کبھی اداسی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔