ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان کی نیدرلینڈز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، گرین شرٹس نے 43 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 250 رنز بنا لیے۔
بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جب فخر زمان 12 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 8.3 اوورز میں 34 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 9.1 اوورز میں 38 رنز پر گری جب امام الحق بھی 15 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔
رضوان اور سعود کی پارٹنر شپ
میچ میں 38 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے شاندار پارٹنر شپ قائم کی اور اس دوران دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 28.1 اوور میں 158 رنز پر گری جب سعود شکیل 68 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل نے اپنی اننگ کے ذریعے ٹیم کو سہارا دیا اور اس دوران انہوں نے 52 گیندیں کھیلیں اور اپنی اننگ میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 182 رنز پر گری جب 31.3 اوورز میں محمد رضوان 68 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
محمد رضوان نے 75 گیندوں کا سامنا کیا اور انہوں نے اپنی اننگ میں 8 چوکے لگائے۔
قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ بھی اسی اوور میں 188 رنز پر گری جب افتخار احمد 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج کے میچ سے ورلڈ کپ کا اچھا آغاز کریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ 290 یا 300 سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ پِچ دوسری اننگ میں بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔




