معروف پاکستانی ماڈل، اداکارہ و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک خطرناک واقعہ سنا دیا۔
نادیہ حسین نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے اپنی شادی سے قبل ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک خطرناک واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ شادی سے پہلے ایک بار جب میں کام سے واپس اپنے گھر جا رہی تھی تو کسی آدمی نے میرا پیچھا کرنا شروع ہوگیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جیسے ہی مجھے محسوس ہوا کہ کوئی آدمی میرا پیچھا کر رہا ہے تو اس سے بچنے کے لیے میں نے گھر جانے کے بجائے اپنی گاڑی اِدھر اُدھر گلیوں میں گُھمانا شروع کردی اور ایسے ہی اپنی گاڑی گلیوں میں گُھماتے ہوئے میں سی ویو پر پہنچ گئی تو وہاں مجھے ایک پولیس موبائل نظر آگئی پھر میں نے اپنی گاڑی روکی اور پولیس کو بتایا کہ میری گاڑی کے پیچھے جو گاڑی ہے وہ آدمی میرا پیچھا کر رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے میری مدد کرنے کے بجائے میرا پیچھا کرنے والے آدمی کو جا کر انتہائی ادب سے سلام کیا۔
نادیہ حسین نے کہا کہ یہ منظر دیکھنے کے بعد میں فوراََ اپنی گاڑی لے کر وہاں سے نکل گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سے آج تک میں جب بھی کوئی اس طرح کی ہراسانی ہوتے دیکھتی ہوں تو فوراََ اپنی آواز اُٹھاتی ہوں۔