میری پیدائش سے قبل والدہ کو اسقاط حمل کا مشورہ دیا گیا تھا، شلپا شیٹی

میری پیدائش سے قبل والدہ کو اسقاط حمل کا مشورہ دیا گیا تھا، شلپا شیٹی
—فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی نے انکشاف کیا کہ اِن کی پیدائش سے قبل اِن کی والدہ کو ڈاکٹروں نے اسقاط حمل کا مشورہ دیا تھا۔

اداکارہ و سپر ماڈل شلپا شیٹی کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ یقین رکھتی تھیں کہ وہ دنیا میں کسی خاص مقصد کے لیے آئی ہیں۔

شلپا شیٹی جو اپنی آنے والی نئی فلم ’سکھی‘ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں، اُنہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی پیدائش کے حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔

اداکارہ نے بھارتی میڈیا ’زوم انٹرٹینمنٹ‘ کو ایک خصوصی انٹرویو کے دوران  اس وقت کے بارے میں بات کی جب اِن کی والدہ کو یقین تھا کہ وہ اِنہیں کھونے والی ہیں کیونکہ اِن کا حمل بہت مشکل تھا۔

شلپا شیٹی کا بتانا ہے کہ ’اُن کی ماں نے اُنہیں بتایا کہ جب وہ حاملہ ہوئیں تو اُنہیں محسوس ہوتا تھا کہ وہ مجھے کھو دیں گی اور ڈاکٹروں نے بھی مشورہ دیا تھا کہ اس بچے کا اسقاط حمل کروا دینا چاہیے، میری والدہ بہت مشکل حمل سے گزری رہی تھیں، اِن کا خیال تھا کہ میری پیدائش ممکن نہیں ہو سکے گی اور میں پھر بھی پیدا ہوئی، مجھے آج بھی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کہ میں زندہ بچ گئی ہوں۔‘

شلپا شیٹی کا انٹرویو کے دوران مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ میں اس دنیا میں کسی مقصد کے لیے آئی ہوں اور میری فلمیں میری زندگی میں سہارا کا کردار ادا کرتی ہیں، میں شاید ان لوگوں کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوں جو برے حالات سے گزر رہے ہیں، اگر آپ میرا سوشل میڈیا دیکھیں تو میں مسلسل حوصلہ افزاء پیغامات شیئر کرتی رہتی ہوں کیونکہ ہم سب زندگی میں مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، ہر کسی کے لیے یہ آسان نہیں ہوتا۔‘

یاد رہے کہ شلپا شیٹھی نے حال ہی میں فلم انڈسٹری میں اپنے 30 سال مکمل کیے ہیں۔ 

کام کے محاظ پر اداکارہ کی فلم ’سکھی‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے جسے شلپا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا ہے۔

فلم ’سکھی‘ میں شلپا شیٹی کے ہمراہ کشا کپیلا اور چیتنیا چوہدری بھی نظر آئیں گی۔

 فلم ’سکھی‘ کو رواں ماہ 22 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شلپا شیٹی اور راج کندرا کی شادی 22 نومبر 2009ء کو ہوئی تھی۔ 

اس جوڑے کے ہاں 2012ء میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جبکہ 2020ء میں شلپا اور راج کے ہاں بیٹی سمیشا شیٹی کی سروگیسی کے ذریعے پیدائش  ہوئی تھی۔

Scroll to Top