بالی ووڈ کے معروف اداکار مِتھن چکرورتی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ مفت کھانا حاصل کرنے کے لیے پارٹیوں میں رقص کیا کرتے تھے۔
اداکار نے فرح خان کے یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اداکاری میں کامیابی سے قبل انہیں انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ مِتھن کے مطابق وہ کئی مرتبہ سڑکوں، فٹ پاتھ اور باغات میں سوئے۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات پیدل چلتے ہوئے وہ اتنے تھک جاتے تھے کہ فٹ پاتھ پر ہی سو جاتے اور آنکھ کھلنے پر خود کو وہیں پاتے۔
فرح خان نے مِتھن کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ماموں کے کے شکلا امیتابھ بچن کے لیے فلمیں لکھا کرتے تھے اور مِتھن ان کی پارٹیوں میں صرف اس لیے رقص کرنے آتے تھے تاکہ رات کا کھانا مل سکے۔
فرح خان کے مطابق مِتھن اپنے رقص کی کوئی فیس نہیں لیتے تھے اور پرفارمنس کے بدلے انہیں کھانا دیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ مشکلات کو معمولی طور پر ’’جدوجہد‘‘ کہتے ہیں، لیکن مِتھن کی ابتدائی زندگی کی مشکلات حقیقی جدوجہد کی مثال ہیں۔
فرح خان نے مزید کہا کہ مِتھن شاید واحد ایسے سپر اسٹار ہیں جنہوں نے جونیئر آرٹسٹ کے طور پر سفر شروع کیا اور بعد میں میگا اسٹار بن گئے۔
16 جون 1950 کو پیدا ہونے والے مِتھن چکرورتی نے چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فلمی کیریئر میں 350 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں ہندی، بنگالی، بھوجپوری، تیلگو، تامل، کنڑ، پنجابی اور دیگر زبانوں کی فلمیں شامل ہیں۔
مِتھن کو تین نیشنل فلم ایوارڈز اور چار فلم فیئر ایوارڈز مل چکے ہیں۔ 2024 میں انہیں بھارت کے تیسرے بڑے سول اعزاز پدم بھوشن سے بھی نوازا گیا، جبکہ انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔




