ترکیہ کے شہر طرابزون میں مصری فٹبال اسٹار محمد صلاح کی مقبولیت کا انوکھا مظاہرہ سامنے آیا ہے، جہاں وہ ایک مرتبہ جس پتھر پر بیٹھے تھے، وہ اب سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمد صلاح نے ترکیہ کے شہر طرابزون کے قریب سرسبز پہاڑی علاقے کے دورے کے دوران ایک عام سے پتھر پر بیٹھ کر تصاویر بنوائی تھیں۔
تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محمد صلاح کے مداحوں کی بڑی تعداد بعد ازاں اسی مقام پر پہنچ گئی اور جس پتھر پر مصری فٹبالر بیٹھے تھے، اسے خاص اہمیت دے دی۔ ہزاروں شائقین کی آمد کے باعث وادی کے اطراف کھانے پینے کے اسٹالز بھی قائم ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ترک فٹبال شائقین نے وادی کو محمد صلاح سے منسوب کرتے ہوئے اسے ان کے نام سے پکارنا شروع کردیا ہے۔
مقامی افراد نے اس پتھر کو “صلاح تاشی” کا نام دے دیا، جبکہ وہاں “صلاح پلیٹو” کے نام سے ایک سائن بورڈ بھی نصب کردیا گیا ہے، شائقین اس مقام پر قطار میں کھڑے ہوکر محمد صلاح کے انداز میں تصاویر بنوا رہے ہیں۔
محمد صلاح کی طرابزون آمد کے بعد ترک عوام میں ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اگست میں ٹرابزون اسپور سے معاہدے کے بعد ان کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں مداح ایئرپورٹ پہنچے تھے۔
دوسری جانب صلاح نے میدان میں بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ ہفتے کو انہوں نے گلاتا سرائے کے خلاف 4-0 کی فتح میں ہیٹ ٹرک اور ایک اسسٹ فراہم کیا، جس کے نتیجے میں گلاتا سرائے کو سیزن کی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
34 سالہ محمد صلاح نے لیورپول میں 9 سال گزارنے کے بعد رواں سال ٹرابزون اسپور سے دو سالہ معاہدہ کیا ہے، جہاں ان کی سالانہ تنخواہ 17 ملین یورو طے ہوئی ہے، جو ترک سپر لیگ میں سب سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
لیورپول میں اپنے دور کے دوران وہ پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ سمیت متعدد اہم اعزازات جیت چکے ہیں۔





