بھارتی اداکار مزمل ابراہیم نے کہا ہے کہ مجھے فلم انڈسٹری کے اے لسٹ اداکاروں کےلیے خطرہ سمجھ کر سائیڈلائن کیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مزمل ابراہیم اسپیشل اُپس سیزن 2 میں اپنی شاندار پرفارمنس پر ہر طرف سے داد وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرا ڈیبیو ’رنبیر کپور‘ سے بہتر تھا۔
حالیہ انٹرویو میں 38 سالہ اداکار نے فلم انڈسٹری میں ’اسٹار کڈز‘ کے حق میں پائے جانے والے تعصب پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میرا اور رنبیر کپور کا ڈیبیو ایک ہی سال ہوا تھا، لیکن میری پرفارمنس بہتر تھی۔
مزمل ابراہیم نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ برسوں بالی ووڈ میں رہنے کے باوجودوہ مقام نہیں ملا، جس کا میں حقدار تھا، میرے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس نوعیت کا کام میں نے اپنے ڈیبیو پر کیا تھا اور بہترین ڈیبیو ایوارڈ جیتا تھا اگر ویسا ہی کام کسی اسٹار کڈ نے کیا ہوتا تو وہ آج کہیں اور ہوتا، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ حق نہیں ملا۔
مزمل ابراہیم نے 2007ء میں پوجا بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دھوکا‘سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا، تھرلر فلم میں انوپم کھیر، آشوتوش رانا اور گلشن گروور نے اہم کردار ادا کیا تھا۔